2 مارچ 2017 - 10:18
یمنی جزیرہ میون میں امریکی فوجی اڈے کے قیام کا منصوبہ

یمن کے ممبران پارلیمنٹ نے یمنی جزیرہ میون میں فوجی اڈہ قائم کرنے کے سلسلے میں امریکی عزائم کی بابت خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ آبنائے باب المندب میں واقع جزیرہ میون میں امریکی فوجی اڈہ قائم کرنے کے تعلق سے امریکا، متحدہ عرب امارات اور مصر کا حالیہ سمجھوتہ بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے ممبران پارلیمنٹ نے اسپیکر یحیی علی الراعی کی قیادت میں ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ آبنائے باب المندب کے قریب واقع جزیرہ میون، یمن کی ملکیت ہے اور یہ جزیرہ یمن کے صوبے تعز میں ہے-

چین نے بھی اس سے پہلے آبنائے باب المندب کے قریب یمن کے جزیرہ میون میں امریکی فوجی اڈے کے قیام کے تعلق سے امریکا، متحدہ عرب امارات اور مصر کے حالیہ سمجھوتے کی مذمت کی تھی-

امریکا، یمن کے جزیرہ میون میں فوجی اڈہ قائم کر کے علاقے میں جاری بحران کو مزید ہوا دینے اور علاقائی اور عالمی استحکام کو پہلے سے بھی زیادہ خطرے میں ڈالنا چاہتا ہے-

اس کے علاوہ امریکا، آبنائے باب المندب میں بین الاقوامی کشتیرانی کی سرگرمیوں میں بھی رکاوٹ ڈالنے کے درپئے ہے-

واضح رہے کہ آبنائے باب المندب یمن، اریٹیریا اور جیبوتی کے درمیان واقع ایک ایک اہم اور اسٹریٹیجیک آبی گزرگاہ ہے اور اس کو دنیا میں جغرافیائی اور اسٹرٹیجیک لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل آبی گزرگاہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے- آبنائے باب المندب، جہاں بحیرہ احمر اور بحیرہ روم کے درمیان نقطہ اتصال ہے، وہیں جنوب مغربی ایشیا کو بھی مشرقی افریقا اور یورپ سے ملاتی ہے-

آبنائے باب المندب پر یمن کی مکمل دسترسی کی وجہ سے جو بحیرہ احمر اور بحرہند کو بھی ملاتی ہے، یمن کو ایک خاص پوزیشن حاصل ہے اور یمن کی اسی خاص اور اسٹریٹیجک پوزیشن کی وجہ سے بڑی عالمی اور علاقائی طاقتوں اور صیہونی حکومت جیسی تسلط پسند حکومتوں کی نظریں ہمیشہ یمن پر لگی رہی ہیں-

اس درمیان کسی ایک ملک کی سرزمین میں بغیر اجازت فوجی اڈہ قائم کرنے کے امریکی اقدامات، بین الاقوامی میدان میں اس کے خودسرانہ اقدامات کے خطرناک پہلو شمار ہوتے ہیں اور یہ دیگر ملکوں کی خود مختاری اور اقتدار اعلی کا مذاق اڑانے کے بھی مترادف ہے-

اسی لئے امریکا کے اس قسم کے اقدام کی دنیا کے مختلف ملکوں کی طرف سے مذمت کی جا رہی ہے اور خاص طور پر آبنائے باب المندب کے قریب جزیرہ میون میں فوجی اڈہ قائم کرنے کے امریکی اقدام پر یمن اور چین کا ردعمل قابل غور ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169